آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن پاکستان کو 60 رنز سے شکست دیدی۔321 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 47.2 اوورز میں 260 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔321 پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز سعود شکیل اور بابر اعظم نے کیا جو کارآمد ثابت نہ ہوسکا اور8 رنز کی مجموعی سکور پر سعود شکیل 6 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ دوسرے نمبر پر آنیوالے بلے باز کپتان محمد رضوان نے بھی قوم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور محض 2 رنز بناکر کیچ تھما بیٹھے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 69 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب فخر زمان 24 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے ، چوتھی وکٹ 127 رنز پر گری جب سلمان علی آغا 42 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ پانچویں وکٹ طیب طاہر کی گری جو ایک رن بنا کر چلتے بنے۔پاکستان کی چھٹی اور اہم وکٹ بابر اعظم کی گری جس کے ساتھ جیت کی تمام امیدیں دم توڑ گئیں، بابر اعظم153 رنز کے مجموعی سکور پر 64 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئےجبکہ ساتویں وکٹ شاہین شاہ آفریدی کی گری جو 200 کے مجموعی سکو پر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔آٹھویں وکٹ 229 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب خوشدل شاہ 69 رنز بنا کر کیچ تھما بیٹھے، نویں وکٹ حارث رؤف کی گری جو 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ دسویں اور آخری وکٹ نسیم شاہ کی گری جو 13 رنز بناکر چلتے بنے۔قبل ازیں نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔










