ریاض: سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین میں انسانی بحران ناقابل برداشت ہوچکا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں حالیہ کشیدگی اور تنازع کے پھیلاؤ کے اثرات سے ایک جامع جنگ تک پہنچنے کا خطرہ ظاہر ہو رہا ہے جس پر قابو پانا مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں انسانی بحران ناقابل برداشت حد تک پہنچ چکا ہے کیونکہ سفاک جنگی مشین کے ہاتھوں 44 ہزار سے زائد فلسطینی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، ایک لاکھ سے زائد زخمی ہیں، اور 350،000 لوگ غیر انسانی حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے اسرائیلی حملوں کے متاثرین کو تعاون اور امداد فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ غزہ کی پٹی میں بحران کے آغاز سے اب تک سعودی عرب کی طرف سے فراہم کردہ پروگراموں اور منصوبوں کی کل رقم 500 ملین ریال سے تجاوز کر گئی ہے۔سعودی وزیر خارجہ کے مطابق مملکت نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے لیے 6,600 ٹن سے زائد خوراک اور پناہ گاہیں بھیجی ہیں، ساتھ ہی ادویات، طبی آلات اور ایمبولینسیں بھی فراہم کی ہیں۔










