ویٹی کن سٹی: کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس دارفانی سے کوچ کر گئے۔ویٹیکن سٹی نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی رہنما پوپ فرانسس 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں اور اپنے 12 سالہ پوپ کے دور میں مختلف بیماریوں کا شکار رہے۔پوپ فرانسس طویل بیماری کے بعد چند روز قبل ہی صحت یاب ہو کر ہسپتال سے فارغ ہوئے تھے، اتوار کو انہوں نے عیسائیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر ملاقاتیں بھی کی تھیں۔پوپ فرانسس کا اصل نام "خورخے ماریو بیرگولیو" تھا، وہ ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں پیدا ہوئے، کیتھولک چرچ کے روایتی مزاج سے ہٹ کر وہ پوپ بننے کے بعد پہلی بار چرچ کی فضاؤں میں ایک ایسی روشنی لے کر آئے جس نے اسٹیبلشمنٹ کے اندھیروں میں لرزش پیدا کر دی۔2013 میں رومن کیتھولک چرچ کے سربراہ بننے والے پوپ فرانسس اس سے پہلے ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس کے آرچ بشپ تھے اور اس دوران وہ اپنی سادگی، عوامی زندگی اور خدمت کے جذبے کے لیے پورے براعظم میں مشہور تھے، اپنے 15 سالہ اسقفی عہد (1998-2013) کے دوران انہوں نے زیر زمین ریل اور بسوں میں سفر کیا تاکہ عام لوگوں کے قریب رہ سکیں اور ان کے مسائل کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔وہ عالیشان رہائش گاہوں کے بجائے ایک عام اپارٹمنٹ میں رہتے تھے اور خود اپنا کھانا بنایا کرتے تھے، ان کی یہ عاجزی اور سادگی بعد میں بھی برقرار رہی جب وہ پوپ منتخب ہوئے اور انہوں نے ویٹی کن کے روایتی شاہانہ طرزِ زندگی کو اختیار کرنے کے بجائے سادہ طرزِ زندگی برقرار رکھا۔










